FeaturedTechnology

لاہور میں آئی ٹی پارک کا قیام

آئی ٹی پارک کا قیام ملک کی ایک اہم ضرورت ہے۔ دُنیا کی آئی ٹی کی صنعت 1420 ارب ڈالر کی ہے جبکہ پاکستان کی آئی ٹی برامدات صرف تین ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے جو کہ دُنیا کی صنعت کا اعشاریہ دو فیصد بنتا ہے جو کہ مایوس کُن حد تک کم ہے۔ لاہور میں نوار شریف آئی ٹی پارک آئی ٹی کی ترقی کے لیے ایک امید کی کرن ہے۔ یہ منصوبہ اس ڈیجیٹل دور میں جدت، صنعت کاری اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں پاکستان کے لیے انتہائی اہم سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے۔

853 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے یہ پارک چارحصوں پرمشتمل ہو گا۔ اسمیں 200 ایکڑ پر مشتمل آئی ٹی اینڈ ٹیک پارک، 150 ایکڑ پر محیط تعلیمی شہر، 100 ایکڑ پر فلم سٹی، اور 84 ایکڑ پر کمرشل اور رہائشی زون ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے اس مقصد کے لیے 10 ارب روپے کے فنڈ مختص کیا ہے۔ پہلا مرحلے میں جڑواں ٹاور آئی ٹی کے لیے بنائے جائے گے جو 12 ماہ میں مکمل ہوں گی۔ اس پراجیکٹ سے تقریباً دس لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ حکومت پنجاب نے اسے دس سال کے لیے ٹیکس فری قرار دیا ہے، جس سے یہ سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہو گا۔ یہ پراجیکٹ مائیکروسافٹ، گوگل اور اوریکل جیسی سرکردہ آئی ٹی کمپنیوں کو متوجہ کرسکتی ہے۔

یہ آئی ٹی پارک ٹیکنالوجی کا علاقائی مرکز بننے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ جدید ترین انفراسٹرکچر، جدید سہولیات اور سازگار ماحول سے آراستہ یہ آئی ٹی پارک سماجی اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور پاکستان کو ڈیجیٹل دور میں لے جانے میں ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

نواز شریف آئی ٹی پارک کا بنیادی مقصد مقامی ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور اسکو پروان چڑھانا ہے۔ یہ ٹیک اسٹارٹ اپس، سافٹ ویئر کمپنیوں، اور آئی ٹی پیشہ ور افراد کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔ اس آئی ٹی پارک کے اندر ملٹی نیشنل کارپوریشنز اور ٹیک فرموں کی موجودگی علم کے تبادلے اور مہارت کی نشوونما کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرے گی ۔جس کے نتیجے میں تعاون اور شراکت داری کے ذریعے، مقامی سٹارٹ اپ اور کاروباری افراد اپنے کاروبار کو بڑھانے اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل ہوں گے۔

ٹیکنالوجی کے شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کرکے، یہ بے روزگاری اور غربت کے خاتمے میں مدد کرے گا۔ یہ پارک بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرے گا جو اسے خطے میں اپنی موجودگی قائم کرنا چاہتی ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری کی یہ آمد نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم ہو گی بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی جس کی بدولت پاکستان عالمی منڈی میں اپنی حثیت منوا سکے گا۔

اس آئی ٹی پارک کی کامیابی کا انحصار نہ صرف اس کے فزیکل انفراسٹرکچر پر ہے بلکہ جدت اور صنعت کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے حکومت کے عزم پر بھی ہے۔ اگر دیانتداری سے کام کیا جائے تو نواز شریف آئی ٹی پارک تکنیکی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کی طرف پاکستان کے سفر میں ایک اہم قدم ہو گا۔ یہ پاکستان کے ڈیجیٹل منظر نامے میں انقلاب برپا کرکے پاکستان کو عالمی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم ملک کی حیثیت سے کھڑا کر سکتا ہے۔