دُنیا میں یوکرائن کی جنگ کی وجہ سے خوراک کا شدید بُحران
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کی جنگ دنیا میں خوراک کے سنگین بحران کا باعث بن رہی ہے۔ روس اور یوکرین دونوں اناج پیدا اور برآمد کرنے والے بڑے مما لک ہیں۔ جنگ کے بعد لگنے والی پابندیوں کے باعث روس اپنی پیداوار کو برآمد نہیں کر سکتا جبکہ یوکرین کی برآمدات کا راستہ روس نے بند کر دیا ہے۔ اگرچہ یہ بحران مغرب کو زیادہ پریشان نہیں کر رہے لیکن یہ تیسری دنیا کے ممالک کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ بن گیا ہے۔ سری لنکا کی مثال ہمارے سامنے ہے جہاں لوگوں کو ناقابل برداشت مشکلات کا سامنا ہے اوراس نے تیسری دنیا کے ممالک میں بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ پاکستان کے حالات بھی انتہائی خراب ہیں اور غیر یقینی کی صورتحال ہمارے کاروباری اور سیاسی حلقوں میں بہت زیادہ خدشات کا باعث بن رہی ہے۔ ایندھن کی اونچی قیمتیں جو اب بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں دنیا کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن گئی ہیں۔