LatestTechnology

جدید ٹیکنالوجی کے ٹی وی میں سے بہترین کا انتخاب کیسے کریں؟

جب نئے ٹی وی خریدنے کی بات آتی ہے تو اکثر لوگ الجھن کا شکار ہو جاتے ہیں کیونکہ صحیح ٹی وی کا انتخاب مشکل ہوتا ہے۔ آج کل مارکیٹ میں دو سب سے زیادہ مقبول ٹیکنالوجیز OLED (آرگینک لائٹ ایمیٹنگ ڈائیوڈز) اور QLED (کوانٹم ڈاٹ لائٹ ایمیٹنگ ڈائیوڈز) ہیں۔ دونوں منفرد فوائد اور نقصانات پیش کرتے ہیں، لہذا ایک صحیح فیصلہ کرنے کے لئے ان کے فرق کو سمجھنا اور قیمتوں کے فرق کو جاننا ضروری ہے۔

OLED ٹی وی اپنی شاندار تصویر کے معیار کے لئے مشہور ہیں۔ اسکا ہر پکسل خود مختار ہوتا ہے، جو آزادانہ طور پر آن اور آف ہوتا ہے۔ اس کے نتیجے میں سکرین مکمل سیاہ بھی ہو جاتی ہے اور جب ضرورت ہوتی ہے تو لامحدود رنگوں سے بھر جاتی ہے جو جاندار اور حقیقی تصویر فراہم کرتا ہے۔ OLED اسکرینز مختلف زاویوں سے دیکھنے پر بھی تصویر کے معیار اور رنگ کی صیح طور پر برقرار رکھتی ہیں۔ یہ بڑے کمروں کے لئے بہترین ہیں جہاں دیکھنے والے مختلف زاویوں پر بیٹھے ہوتے ہیں۔ OLED ٹی وی میں انتہائی تیز ردعمل ہوتا ہے، جو تیز رفتار کاموں جیسے کھیل اور گیمنگ کے لئے بہترین ہیں۔ ان میں حرکت ہموار نظر آتی ہے، دھندلاہٹ اور گھوسٹنگ کم ہوتی ہے۔ OLED ٹیکنالوجی کی وجہ سے اسکی باڈی انتہائی پتلی اور ہلکی پینلز کی بنی ہوتی ہے، جو جدید اور خوبصورت نظر آتی ہے۔ یہاں تک کے کچھ OLED ٹی وی موڑے بھی جاسکتے ہیں اور رول بھی ہوجاتے ہیں۔

OLED ٹی وی کے کچھ منفی پہلو بھی ہیں۔ یہ QLED کے مقابلے میں مہنگے ہوتے ہیں کیونکہ OLED پینلز کی تیاری کی لاگت زیادہ ہے۔ OLED ٹی وی برن-ان کا شکار ہو سکتے ہیں، اور لمبے عرصے تک جامد تصاویر چھوڑنے سے ان کی سکرین پر مستقل نشان پڑ سکتے ہیں اگرچہ نئے اور مہنگے ماڈلز میں اس مسئلہ پر خاصی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ OLED ٹی وی عام طور پر QLED ٹی وی کے مقابلے میں کم روشن ہوتے ہیں اسلیے ایسی جگہوں پر جہاں روشنی بہت ذیادہ ہو ان کی تصویر مکمل طور پر بہتر نظر نہیں آتی۔ ان سے صیح معنوں میں لطف اندوز ہونے کے لیے ضروری ہے کے کمرہ مین مکمل طور پر تاریکی ہو۔

جہاں تک QLED ٹی وی کا تعلق ہے یہ زیادہ روشنی کے حامل ہوتے ہیں۔ انہیں روشن کمروں اور HDR (ہائی ڈائنامک رینج) کے لئے ذیادہ مناسب سمجھا جاتا ہے۔ ان ٹی وی کے برن-ان کا کوئی خطرہ نہیں کیونکہ QLED ٹی وی ایل ای ڈی بیک لائٹنگ کا استعمال کرتے ہیں، جو برن-ان کے خطرے کو ختم کردیتا ہے۔ یہ خبریں دیکھنے یا ویڈیو گیمز کھیلنے والوں کے لیے بہترین ہے۔ QLED ٹی وی کی کوانٹم ڈاٹ ٹیکنالوجی رنگ کو صیع اور روشن دکھاتی ہے جس سے تصویر جاندار اور شاندار نظر آتی ہے۔ عام طور پر، QLED ٹی وی OLED ٹی وی کے مقابلے میں زیادہ مناسب قیمت پردستیاب ہوتے ہیں۔

جہاں تک ان کے منفی پہلوؤں کا تعلق ہے تو اسمیں سیاہ رنگ اتنا گہرا نظرنہیں آتا اور وہ OLED کے بہترین سیاہ رنگ کی گہرائی کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ اس وجہ سے کنٹراسٹ (Contrast) تھوڑا سا متاثر ہوتا ہے۔ اسکے علاوہ دیگر رنگ بھی OLED ٹی وی پر اچھے ہوتے ہیں۔ محدود وژن اینگلز کی وجہ سے بہت زیادہ زاویہ سے دیکھنے پر رنگ اور تصویر کا معیار کم ہو سکتا ہے۔ QLED ٹی وی میں استعمال ہونے والی بیک لائٹ ٹیکنالوجی کی وجہ سے یہ OLED کے مقابلے میں خاصہ موٹے ہوتے ہیں۔

OLED اورQLED TV کے درمیان انتخاب بالآخر آپ کی ترجیحات اور دیکھنے کی عادات پر منحصر ہے۔ اگر آپ تصویر کے معیار، وسیع دیکھنے کے زاویوں اور ایک سلیقے سے ڈیزائن کو ترجیح دیتے ہیں، تو OLED ٹی وی آپ کے لیے بہترین انتخاب ہو سکتا ہے۔ تاہم، اگر آپ کا کمرہ ذیادہ روشن ہے، آپ کو بجٹ کا بھی خیال کرنا ہوتا ہے، اسکے ساتھ ساتھ اسکے جلنے کا خطرہ بھی مول نہیں لینا چاہتے ہیں تو QLED آپ کے لیے بہترین ہے۔ دونوں ٹیکنالوجیز اپنی اپنی جگہ شاندار تجربات پیش کرتی ہیں، لہذا دونوں میں سے کوئی بھی انتخاب غلط نہیں۔ بہرحال اپنا فیصلہ کرتے وقت، اپنے کمرے کی روشنی کے حالات، ٹی وی کے استعمال اور اپنے بجٹ کو مدنظر رکھنے کے بعد ہی آپ اپنے گھر کے لیے بہترین ٹی وی کا انتخاب کرسکتے۔