BusinessimmigrationLatest

کینیڈا کی حکومت کا 15 لاکھ افراد کو امیگریشن دینے کا اعلان

کینیڈا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 2023 سے 2025 تک وہ تقریباً 15 لاکھ افراد کوامیگریشن ویزے جاری کرے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ ہر سال تقریباً 5 لاکھ لوگوں کو امیگریشن ویزے جاری ہوں گے۔ کینیڈا نے 2021 میں 405,000 افراد کو امیگریشن ویزا جاری کیے جو کے اس پہلے کبھی ایک سال میں نہیں دیے گئے۔ کینیڈا کی امیگریشن حاصل کرنے والوں میں اکثریت انڈین کی ہوتی ہے جن کی تعداد تیس فیصد تک ہوتی ہے۔

نئی امیگریشن پالیسی ہنرمند افراد کے لیے ہے جس میں ڈاکٹروں اور نرسوں کو زیادہ اہمیت دی جائے گی اسکے بعد مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے ہنر مند افراد کو اہمیت ہو گی۔ حکومت نے اعلان کیا کہ یہ امیگریشن سماجی اور اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے درکار ہے جن کا کینیڈا کو آنے والی دہائیوں میں سامنا کرنا پڑے گا۔ اس وقت کینیڈا میں ہنر مند اور عام لیبر دونوں شعبوں میں تقریباً 80,000 افراد کی کمی ہے۔

کینیڈا کی امیگریشن حاصل کرنے کے بعد ایک مخصوص مدت تک کینیڈا میں رہائش رکھنی ہوتی ہے جس کے بعد شہریت مل جاتی ہے۔ مستقل رہائشی کو گو کے تمام سہولتیں حاصل ہوتی ہیں مگر وہ کینیڈا کا شہری نہیں ہوتا۔ مستقل رہائشی کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے، ایک شخص کو پانچ سال کے دوران کم از کم 730 دنوں کے لیے کینیڈا میں رہنا پڑتا ہے۔ اس مدت کو مکمل کرنے کے بعد وہ شخص شہریت کے لیے درخواست دے سکتا ہے جو اس شخص کو پاسپورٹ اور ووٹنگ کے حقوق کا حقدار بناتا ہے۔