LatestTechnology

چین مسافر بردار ہوائی جہاز تیار کرنے والے ممالک میں شامل

اس دنیا میں ممکنہ طور پر تیار ہونے والی کوئی چیز ایسی نہیں جو چین میں نہ بنتی ہو۔ اب چین نے مسافر بردار ہوائی جہاز تیار کرکے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ مسافر بردار ہوائی جہاز بنانے میں پہلے صرف امریکہ اور یورپ کی اجارہ داری تھی۔ بوئنگ اور ایئربس وہ دو کمپنیاں ہیں جو مسافر بردار طیارے بنا رہی ہیں۔ اب چینی کمپنی کومیک اپنا ہوائی جہاز مارکیٹ میں لا رہی ہے۔

C919 طیارہ ایک بڑا مسافر بردار جیٹ طیارہ ہے جسے چین نے بین الاقوامی شہری ہوابازی کے ضوابط کے مطابق تیار کیا ہے۔ C919 طیارے میں 158 سے 168 نشستوں کی گنجائش ہے، اور یہ 4,075 سے 5,555 کلومیٹر کی مسافت طے کرسکتا ہے۔ اب تک کمپنی کو 815 آرڈرز موصول ہو چکے ہیں۔ اُمید ہے کے پہلا ہوائی جہاز اسی سال استعمال میں آجائے گا۔ اگرچہ اس جہاز کے انجن اور دیگر آلات امریکی اور یورپین کمپنیاں فراہم کرہی ہیں لیکن چین کی طرف سے اسے اس شعبے میں بہت بڑی چھلانگ سمجھی جارہی ہے۔

اس سے پہلے کومیک کمپنی نے ARJ21 طیارہ تیار کیا ہے جو کہ پہلا درمیانے درجے کا ٹربوفن طیارہ ہے جسے چین نے بین الاقوامی شہری ہوابازی کے ضوابط کے مطابق تیار کیا۔ اے آر جے 21 طیارے میں 78 سے 90 سیٹوں کی گنجائش ہے اور یہ 2,225 سے 3,700 کلومیٹر کی مسافت طے کرسکتا ہے۔ تمام ضروری قائد و ضوابط طے کرنے کے بعد ARJ21-700 طیارے چین کی ائیرلائن کے استعمال میں ہیں۔ کمپنی کے پاس اسوقت ان طیاروں کے لیے 616 آرڈرز ہیں۔

چین روس کے ساتھ مل کر طویل فاصلے والے وائیڈ باڈی طیارے CR929 بھی تیار کر رہا ہے۔ اسکی رینج 12000 کلومیٹر ہوگی جس میں 280 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ اگرچہ اس طیارے میں شروع میں رولز روائس کمپنی کے انجن لگے ہوں گے مگر چین اور روس ملکر اسکے لیے نیا انجن تیار کرنے کے لیے بھی کام کررہے ہیں۔