اس مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گاڑیوں کی فروخت میں اکاون فیصد کمی
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گاڑیوں کی فروخت میں زبردست کمی آئی ہے۔ جولائی ستمبر 2022 میں گاڑیوں کی فروخت میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 51 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ مالی سال 2023 کی پہلی سہ ماہی میں کاروں کی فروخت 34,472 رہی، جو مالی سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 68,897 یونٹس تھی۔
اس کمی کی بڑی وجہ گاڑیوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ، مہنگی آٹو فنانسنگ اور صارفین کی کم قوت خرید ہے۔ گاڑیوں کی خریداری میں پراپرٹی مارکیٹ کا ایک بڑا ہاتھ ہوتا ہے گزشتہ تین سالوں میں پراپرٹی کی مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی آئی تھی جو پجھلے ایک سال سے مندی کا شکار ہے۔ آٹوموبائل مینوفیکچرر سٹیٹ بنک کو بھی اس کمی کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں جس نے لیٹرآف کریڈٹ پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔
اسی وجہ سے تینوں بڑی کمپنیاں پاک سوزوکی، ہونڈا اور ٹویوٹا موٹرز وقتاً فوقتاً اپنے پلانٹس بند کر رہی ہیں۔ حال ہی میں پاک سوزوکی اور ہونڈا نے اپنے پلانٹس کچھ دنوں کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔