انجن کی سی سی اور ٹارک کیا ہیں اور انجن کی طاقت کو کیسے ظاہر کرتے ہیں
آج کل گاڑی خریدتے وقت اکثر لوگ انجن کی طاقت، ٹارک اور سی سی کی بات کرتے ہیں۔ لیکن سی سی کیا ہے؟ ٹارک کیوں اہم ہے؟ اور ایک چھوٹے سائز کا ٹربو انجن کیسے بڑے انجن سے زیادہ طاقتور ہو سکتا ہے؟ آئیے ان تمام سوالات کو آسان الفاظ میں سمجھتے ہیں۔
سی سی کا مطلب ہے کیوبک سنٹی میٹر (cubic centimeters)، جس سے مراد انجن کے سلنڈرز میں ایندھن اور ہوا کے لیے موجود مجموعی جگہ ہے۔ جیسے جیسے سی سی کا نمبر بڑھتا ہے، انجن میں زیادہ ایندھن اور ہوا کو جلانے کی جگہ دستیاب ہوتی ہے۔ زیادہ سی سی والا انجن عام طور پر زیادہ طاقتور ہوتا ہے اور گاڑی کو زیادہ طاقت فراہم کرتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ایندھن کی کھپت بھی بڑھ جاتی ہے۔
ٹارک انجن کے شافٹ کی گھومنے کی قوت کو کہتے ہیں۔ جب ہم ایک گاڑی کو حرکت دیتے ہیں، تو دراصل یہ ٹارک ہی ہوتا ہے جو پہیوں کو گھماتا ہے۔ ٹارک گاڑی کی رفتار بڑھانے اور وزن کھینچنے کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے۔ ٹارک اور سی سی کا براہ راست تعلق نہیں ہے؛ دو انجنز کا سی سی ایک جیسا ہو سکتا ہے، لیکن ان کے ٹارک کی سطح مختلف ہو سکتی ہے کیونکہ ٹارک کا انحصار انجن کی ساخت، سلنڈر کی تعداد اور ایندھن جلانے کی تکنیک پر ہوتا ہے۔
ٹربو انجن میں ایک خاص آلہ ہوتا ہے جسے ٹربو چارجر کہا جاتا ہے۔ ٹربو چارجر انجن کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے اور کم ایندھن میں زیادہ طاقت فراہم کرتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر ایک کمپریسر ہے جو باہر کی ہوا کو کمپریس کر کے انجن کے سلنڈرز میں بھیجتا ہے۔ انجن کے اخراج سے نکلنے والی گرم گیسیں ٹربو چارجر میں داخل ہوتی ہیں اور ٹربائن کو گھماتی ہیں۔ ٹربائن کی حرکت کے ذریعے ایک کمپریسر زیادہ ہوا کو دبا کر انجن میں بھیجتا ہے، جس سے سلنڈرز میں زیادہ آکسیجن آتی ہے۔ چونکہ زیادہ آکسیجن دستیاب ہوتی ہے، ایندھن بھی زیادہ مقدار میں جلتا ہے، جس سے زیادہ طاقت پیدا ہوتی ہے۔
عام انجن میں بیرونی ہوا قدرتی طور پر انجن کے اندر داخل ہوتی ہے، جسے نیچرلی ایسپریٹڈ انجن کہتے ہیں۔ اس میں ٹربو کی طرح کوئی کمپریسر نہیں ہوتا، اس لیے ہوا اور ایندھن کا ملاپ محدود ہوتا ہے، اور انجن کی کارکردگی بھی نسبتاً کم ہوتی ہے۔ ٹربو انجن اسی وجہ سے چھوٹے سائز میں زیادہ طاقتور کارکردگی دکھا سکتا ہے اور ایندھن کی بچت بھی کر سکتا ہے۔ ٹربو چارجر کی بدولت، ایک ٹربو انجن تیزی سے رفتار پکڑتا ہے اور زیادہ طاقت فراہم کرتا ہے۔ سی لیے 1500 سی سی ٹربو انجن عام 2000 سی سی کے انجن سے زیادہ طاقتور ہو سکتا ہے۔ ٹربو چارجر انجن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ایندھن کی بچت بھی فراہم کر سکتا ہے، اسلیے بڑی گاڑیوں اور ہائی پرفارمنس کاروں میں ٹربو چارجر زیادہ عام ہے۔
الیکٹرک انجن میں موٹر کا فوراً گھومنا اور براہ راست بجلی سے چلنا اسے فوری طور پر زیادہ ٹارک فراہم کرتا ہے۔ برقی موٹر کے ساتھ گاڑی کو "زیرو آر پی ایم” پر ہی مکمل طاقت دستیاب ہوتی ہے، جس کا مطلب ہے کہ جیسے ہی آپ ایکسلریٹر دباتے ہیں، گاڑی فوراً تیز ہو جاتی ہے۔ اسی وجہ سے الیکٹرک گاڑیاں تیزی سے رفتار پکڑتی ہیں، جب کہ پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کو پہلے انجن کو گھمانا پڑتا ہے تاکہ ٹارک تیار ہو۔
یہ بنیادی فرق ہے انجن کی سی سی، ٹارک اور برقی انجن کی طاقت کا۔ گاڑی خریدتے وقت، اپنی ضروریات اور گاڑی کی کارکردگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ان عوامل کو سمجھنا بھی ضروری ہے تاکہ آپ بہترین انتخاب کر سکیں۔