بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ منفی کر دی
موڈیز، جو کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی ہے، نے پاکستان کی قرضہ لینے کی صلاحیت کو مستحکم سے منفی کر دیا ہے۔ ریٹنگ ایجنسی کو خدشہ ہے کہ یوکرین کے جاری بحران کی وجہ سے تیل، گیس اور اجناس کی قیمتیں بلند رہیں گی، جس سے پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھا رہے گا اور نہ صرف رواں مالی سال بلکہ اگلے چند مالی سالوں میں بھی زرمبادلہ کے ذخائر پر بُرا اثر پڑے گا۔
پاکستان کی سیاسی صورتحال بھی غیر یقینی کا شکار ہے۔ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی، تاہم، پر امید ہے کہ حکومت پاکستان انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) اور دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ ساتھ دوست ممالک سے مطلوبہ رقم حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا اوراسے سری لنکا جیسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
موڈیز قرض لینے والے ممالک اور کمپنیوں کی ساکھ کی درجہ بندی کرتی ہے جو قرضہ لینے والوں کے مالی حالات کا تجزیہ کرکے متوقع سرمایہ کاروں کےلیے خطرات کا تعین کرتی ہے۔ کسی بھی ملک کی کریڈٹ ریٹنگ منفی ہونے کی صورت میں اسکے لیے قرضہ کا حصول مُشکل ہو جاتا ہے۔