Technology

امریکہ اور چین کی سیمی کنڈکٹر کی صنعت پر سبقت کے لیے کوششیں

امریکہ اور چین جغرافیائی، فوجی اور اقتصادی محاذ پر دنیا میں پہلے نمبر پر آنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ اس جدوجہد میں ایک میدان سیمی کنڈکٹر کی پیداوار کا بھی ہے جس کی سالانہ مارکیٹ تقریباً 600 بلین ڈالر ہے۔ عام طور پر ایک عام آدمی یہ سمجھتا ہے کہ سیمی کنڈکٹر صرف لیپ ٹاپ اور موبائل فونز میں استعمال ہوتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ہر گھر کی اشیاء جیسے استری، مائیکرو ویو اوون، واشنگ مشین، کاروں اور ہر وہ شے جس میں الیکٹرانک کا حصہ ہے۔

اس وقت دُنیا کے سب سے بڑے سیمی کنڈکٹر بنانے والے ممالک تائیوان میں ٪65 جنوبی کوریا ۱۵٪، امریکہ ٪7، اور چین ٪6 مارکیٹ کنٹرول کرتے ہیں۔ سیمی کنڈکٹر بنانے والی زیادہ تر کمپنیاں تائیوان، جنوبی کوریا اور امریکی کی ہیں۔

تائیوان سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کمپنی (TSM) سیمی کنڈکٹر چپس بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے۔ جبکہ انٹل کی آمدنی سب سے زیادہ ہے، TSM عالمی سطح پر تیار کردہ ھائی ٹیک چپس کا تقریباً ٪90 بناتی ہے۔

چین 2020 سے 2025 تک سیمی کنڈکٹر سیکٹر کی ترقی کے لیے 1.4 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ اس وقت چینی کمپنیاں 300 بلین ڈالر مالیت کے سیمی کنڈکٹر درآمد کرتے ہیں جو زیادہ تر امریکی کمپنیوں کے ہوتے ہیں مگر تائیوان اور جنوبی کوریا میں بنائے جاتے ہیں۔

صدر بائیڈن نے اب سیمی کنڈکٹرز کی صنعت کی ترقی اور فروغ کے لیے 52 بلین ڈالر کے پیکیج پر دستخط کیے ہیں۔ بنیادی طور پر اسکی چار وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ ہے کہ امریکہ اب ہائی ٹیک انڈسٹری کو واپس امریکہ میں لانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ دوم، کووڈ کے دور میں سیمی کنڈکٹرز کی بہت زیادہ کمی پیدا ہوئی جس سے نہ صرف الیکٹرانکس اور گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ قلت بھی پیدا ہوئی ہے جس کی وجہ سے سامان کی پیداوار میں تاخیر ہو رہی ہے جسکی ایک مثال یورپ اور شمالی امریکہ میں گاڑیوں کی پیداوار میں تاخیر جسکی وجہ سے اب لوگوں کو نئی گاڑی خریدنے کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے۔ تیسری بڑی وجہ تائیوان ہے جو دنیا کے 65 فیصد سیمی کنڈکٹر پیدا کرتا ہے۔ اگر چین تائیوان پر حملہ کرتا ہے یا طویل مدتی ناکہ بندی کرتا ہے اس سے سیمی کنڈکٹر مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر خلل پڑے گا اور امریکہ نہیں چاہتا کہ سیمی کنڈکٹر کی ساری انڈسٹری چین کے قبضہ میں چلا جائے۔ اسکے علاوہ امریکہ ہائی ٹیک انڈسٹری کے اوپر اپنا کنٹرول رکھنا چاہتا ہے۔ کیونکہ اس وقت سیمی کنڈکٹر کے کاروبار میں زیادہ تر کمپنیاں امریکی ہیں۔